محاضرے کی روداد
*احادیثِ نبوی ﷺ کی عصری معنویت پر بصیرت افروز محاضرہ*
*ای دارالعلوم الاسلامیہ دیوبند کے زیر اہتمام ایک روح پرور علمی نشست*
✍️
*محمد اشرف جیلانی*
*استاذ ای دارالعلوم الاسلامیہ دیوبند*
گزشتہ شب 12 جولائی 2025، بروز ہفتہ، ای دارالعلوم الاسلامیہ دیوبند کے زیر اہتمام ایک پُربار، مؤثر اور علم و روحانیت سے لبریز محفلِ علم کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس بابرکت نشست کی ترتیب و تنظیم تیسرے اور چوتھے سمسٹر کی طالبات کے سپرد تھی، جنہوں نے نہایت ذمہ داری، وقار اور حسنِ سلیقہ سے اس علمی پروگرام کی کمان سنبھالی۔
محفل کا روح پرور آغاز خوش الحان قاریہ حفصہ پروین کی مترنم اور مؤثر تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا، جس نے سامعین کے قلوب کو نورِ ایمانی سے منور کر دیا۔ اس کے بعد صاحبۂ ذوق طالبہ رابعہ خاتون نے عشقِ رسول ﷺ سے لبریز نعتیہ کلام پیش کیا، جو دلوں میں محبتِ نبوی کی شمع روشن کر گیا۔
مہمانِ خصوصی کا تعارف دارالعلوم وقف دیوبند کے صدر مفتی، اور ای دارالعلوم الاسلامیہ کے مشفق استاذِ حدیث و فقہ حضرت مولانا مفتی محمد امانت علی صاحب قاسمی نے نہایت شائستہ اور پراثر انداز میں پیش فرمایا۔
اس کے بعد محفل کا مرکزی حصہ شروع ہوا، جب دارالعلوم وقف دیوبند کے مایہ ناز استاذ، نائب امیر شریعت، حضرت مولانا محمد شمشاد رحمانی صاحب نے ’’احادیثِ نبوی ﷺ کی عظمت اور عصری معنویت‘‘ کے موضوع پر ایک گراں قدر، مدلل اور بصیرت افروز محاضرہ پیش فرمایا۔
حضرت نے نہایت سلیس اسلوب میں علمِ حدیث کی بنیادوں، کتبِ حدیث، اسناد و رجال، اور عصری دنیا میں ان کی معنویت پر مفصل اور پرمغز گفتگو فرمائی، جو حاضرین کے لیے علم و فہم کا نیا در وا کر گئی۔ آپ کی گفتگو نہ صرف علمی گہرائی لیے ہوئے تھی، بلکہ روحانی اثر پذیری سے بھی بھرپور تھی۔
محاضرہ کے دوران حضرت نے ادارۂ ہٰذا کے مہتمم حضرت مولانا مفتی محمد نوشاد نوری صاحب قاسمی کی علمی، فکری اور انتظامی خدمات کو نہایت محبت و عقیدت سے سراہا، اور فرمایا کہ آن لائن نظامِ تعلیم کا قیام ان کی زندگی کا ایک تاریخی اور نمایاں کارنامہ ہے۔
محاضرہ کے اختتام پر حضرت نے طالبات سے وعدہ فرمایا:
“اگر زندگی نے وفا کی تو ہر ماہ ایک علمی نشست کا اہتمام کیا جائے گا، تاکہ علم کے یہ قافلے آگے بڑھتے رہیں۔”
اس مجلس میں ادارے کے متعدد اساتذہ و معلمات بھی شریک رہیں۔ نیز محاضرہ کے اختتام پر حضرت مہتمم صاحب محترم جناب مولانا مفتی محمد نوشاد نوری صاحب قاسمی دامت برکاتہم نے مہمان محاضر کا پُرخلوص شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی طالبات کو ان سے علمی استفادے کی درخواست کی، جسے مہمانِ محترم نے خوش دلی سے قبول فرمایا۔
یہ پرنور محفل حضرت کی پُراثر دعا پر اختتام پذیر ہوئی۔
“اس علمی نشست کی نظامت کے فرائض خوش بیان اور خوش اسلوب طالبہ محترمہ ارم فاطمہ (دہلی) نے نہایت وقار، سلیقہ مندی اور دل نشین انداز میں انجام دیے، جن کا اندازِ گفتگو اور اعتماد سامعین کی توجہ کا مرکز رہا۔”